ہومبریکنگ نیوزاسلام آباد؛ ایم ٹیگ کے بغیر یا کم بیلنس پراضافی ٹول ٹیکس وصولی کا نوٹفکیشن معطل

اسلام آباد؛ ایم ٹیگ کے بغیر یا کم بیلنس پراضافی ٹول ٹیکس وصولی کا نوٹفکیشن معطل

اسلام آباد(آئی پی ایس )اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایم ٹیگ کے بغیر یا کم بیلنس پر 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس کی وصولی کے لیے جاری نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کا 30 مئی 2025 کا نوٹیفیکیشن معطل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اضافی ٹول ٹیکس وصول نہ کرے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے موٹروے پر ایم ٹیگ نہ ہونے یا کم بیلنس پر اضافی ٹول ٹیکس کی وصولی کے خلاف درخواست پر سماعت کا دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔عدالت کے حکم نامے کے مطابق وکیل نے بتایا کہ ایم ٹیگ کے بغیر یا کم بیلنس پر 50 فیصد اضافی ٹول لیا جا رہا ہے، این ایچ اے اضافی ٹول قانونی طور پر نہیں لے سکتا۔

حکم نامے میں عدالت نے کہا کہ این ایچ اے سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کیا جاتا ہے اور 3 اگست تک فریقین تحریری جواب عدالت میں جمع کرائیں۔خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایڈووکیٹ جلال حیدر نے این ایچ اے کی جانب سے اضافی ٹول ٹیکس کے لیے 30 مئی 2025 کو جاری کیا گیا نوٹیفکیشن چیلنج کر رکھا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔