اسلام آباد(سب نیوز) کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)نے انکوائری کمیٹیوں اور انکوائری افسران کو مطلوبہ ریکارڈ اور معلومات فراہم نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اتھارٹی کے مختلف ونگز، ڈائریکٹوریٹس اور ڈویژنز کی جانب سے انکوائری کمیٹیوں کو مطلوبہ تعاون فراہم نہ کرنے، ریکارڈ کی فراہمی میں تاخیر اور بعض معاملات میں معلومات روکنے کا مشاہدہ کیا گیا ہے، جس سے انکوائری کے عمل میں رکاوٹ اور تحقیقات کی بروقت تکمیل میں تاخیر ہو رہی ہے۔
سرکلر کے مطابق متعلقہ ڈائریکٹر جنرلز، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرلز اور ڈائریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ انکوائری کمیٹی یا انکوائری افسر کی جانب سے طلب کیے گئے تمام ریکارڈ اور معلومات فوری طور پر فراہم کیے جائیں۔ مطلوبہ ریکارڈ یا معلومات درخواست موصول ہونے کے تین دن کے اندر متعلقہ ڈیپارٹمنٹل نمائندے یا فوکل پرسن کے ذریعے فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ ریکارڈ یا معلومات کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر، انکار، غفلت یا دانستہ تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ مطلوبہ ریکارڈ یا معلومات فراہم کرنے میں ناکامی یا عدم تعاون کو اتھارٹی کی قانونی ہدایات کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا، جبکہ ذمہ دار افسر یا اہلکار کو ذاتی طور پر جوابدہ قرار دیتے ہوئے سی ڈی اے ایمپلائز (سروس)ریگولیشنز 1992 کے متعلقہ قوانین کے تحت ان کے خلاف بغیر مزید نوٹس کے محکمانہ کارروائی شروع کی جائے گی۔سی ڈی اے ممبر ایڈمنسٹریشن نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ جاری کردہ احکامات پر مکمل اور سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
