ہومپاکستانملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.98فیصد کی کمی ، 23اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.98فیصد کی کمی ، 23اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد(آئی پی ایس ) ملک میں مسلسل دو ہفتے مہنگائی میں اضافے کے بعد نئے مالی سال کے پہلے ہفتے کے دوران ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.98فیصد کی کمی ہوگئی ہے تاہم سالانہ بنیادوں پر مہنگائی میں اضافے کی رفتار ابھی بھی 13.52 فیصد کی ریکارڈ سطح پر ہے۔ حالیہ ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 11 اشیا سستی اور 17 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے میں آلو 10.06 فیصد، ٹماٹر 125.40 فیصد اور پیاز 10.72 فیصد، ماچس 0.96 فیصد، بریڈ کی قیمتوں میں 0.47 فیصد، انڈوں کی قیمتوں میں 8.32 فیصد، واشنگ سوپ کی قیمتوں میں 0.63 فیصد، سگریٹ کی قیمتوں میں 0.23 فیصد، ایری سکس چاول کی قیمتوں میں 0.45 فیصد جبکہ کھلے دودھ کی قیمتوں میں 0.49 فیصد اضافہ ہوا۔چکن کی قیمتوں میں 1.97 فیصد، سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں 0.21 فیصد، لہسن کی قیمتوں میں 0.63 فیصد، دال مونگ کی قیمتوں میں 1.29 فیصد، دال ماش کی قیمتوں میں 0.84 فیصد، دال چنا کی قیمتوں میں 0.23 فیصد، پیٹرول کی قیمتوں میں 19.77 فیصد، ڈیزل کی قیمتوں میں 17.73 فیصد اور چینی کی قیمتوں میں 0.21 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 1.42 فیصد اضافے کے ساتھ 14.13فیصد رہی۔اسی طرح 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.86 فیصد اضافے کے ساتھ 16.11 فیصد اور 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.28 فیصد اضافے کے ساتھ 13.66 فیصد رہی۔اعداد و شمار کے مطابق 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.32 فیصد کمی کے ساتھ 12.77 فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار دو فیصد کمی کے ساتھ 11.68 فیصد رہی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔