جدہ(خالد نواز چیمہ)مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے جدہ میں پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ، انسدادِ منشیات کے وزیر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ملاقات انتہائی خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات، باہمی تعاون، سیکیورٹی، سرمایہ کاری، حج و عمرہ کے انتظامات، اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت، اقتصادی شراکت داری اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد، اسلامی اخوت اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبوں میں جاری اشتراک مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خادم الحرمین الشریفین ** اور ولی عہد و وزیراعظم ** کی قیادت میں سعودی عرب کی ترقی، امن و استحکام اور امت مسلمہ کے لیے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانی شہریوں، بالخصوص عازمین حج و عمرہ کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات پر بھی شکریہ ادا کیا۔نائب گورنر مکہ ریجن شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کے مضبوط اور تاریخی تعلقات کو دونوں ممالک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں شخصیات نے یادگاری تصاویر بنوائیں اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سیاسی و سفارتی حلقوں نے اس ملاقات کو پاک سعودی تعلقات کے مزید فروغ اور دوطرفہ تعاون کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
