غزہ (آئی پی ایس )غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 8 فلسطینی شہید اور 26 زخمی ہوگئے، جس کے بعد اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی کارروائیوں میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 73,066 تک پہنچ گئی۔
غزہ کی وزارت صحت نے منگل کو جاری اپنے یومیہ بیان میں کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے اسپتالوں میں 8 شہدا کی لاشیں اور 26 زخمی لائے گئے۔وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج اکتوبر 2025 میں ہونے والی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کے مختلف علاقوں میں گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم حالیہ شہادتوں کی تفصیلات بیان نہیں کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ متعدد افراد اب بھی ملبے تلے اور سڑکوں پر پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ ایمبولینس اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں مسلسل حملوں کے باعث ان تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہیں۔
وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں اب تک 1,053 فلسطینی شہید اور 3,406 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ اکتوبر 2023 سے مجموعی طور پر 73,066 فلسطینی شہید اور 173,514 زخمی ہوئے ہیں۔
بیان کے مطابق اسرائیلی کارروائیوں سے غزہ کے تقریبا 90 فیصد شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ اقوام متحدہ نے علاقے کی تعمیر نو پر تقریبا 70 ارب ڈالر لاگت آنے کا تخمینہ لگایا ہے۔ گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کے ایک آزاد تحقیقاتی کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ اسرائیلی حکام اور سکیورٹی فورسز نے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی بچوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا، جو نسل کشی، انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ جنگ میں جاں بحق ہونے والوں میں تقریبا 30 فیصد بچے شامل ہیں۔ کمیشن نے اپنی گزشتہ رپورٹ میں بھی اسرائیل پر غزہ میں نسل کشی کے ارتکاب اور وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سمیت اعلی اسرائیلی قیادت پر ایسے اقدامات کی ترغیب دینے کا الزام عائد کیا تھا، تاہم اسرائیل نے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔
