ہومتازہ تریندی ڈائس فورم اور بلغاریہ کے سفارت خانے کی جانب سے مشعل اسکول کو کتابوں کا عطیہ

دی ڈائس فورم اور بلغاریہ کے سفارت خانے کی جانب سے مشعل اسکول کو کتابوں کا عطیہ

اسلام آباد: (سب نیوز) ڈی آئی سی ای (دی ڈائس) فورم نے بلغاریہ کے سفارت خانے کے تعاون سے اپنے “کتاب پراجیکٹ” کے تحت مشعل اسکول کو کتابوں کا ایک بڑا مجموعہ عطیہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شرحِ خواندگی کو فروغ دینا اور معیاری تعلیم تک رسائی کو وسیع کرنا ہے۔ کتابیں فراہم کرنے کی اس تقریب میں پاکستان کے لیے بلغاریہ کی سفیر ارینا گانچیوا نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

ان کے علاوہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل، دی ڈائس فورم کی چیئرپرسن عالیہ آغا، مشعل اسکول کی صدر فوزیہ عاصم، اساتذہ اور طلبہ نے بھی تقریب میں حصہ لیا۔ عالیہ آغا چیئرپرسن، دی ڈائس فورم نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب محض کتابیں بانٹنے کے بارے میں نہیں بلکہ انسانی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری ہے۔ غربت کے خاتمے کے لیے تعلیم سب سے مؤثر ہتھیار ہے اور موجودہ ڈیجیٹل دور میں، جہاں توجہ کا دورانیہ کم ہو رہا ہے، کتابیں نوجوانوں کے ذہنوں کو بچانے کا واحد ذریعہ ہیں۔ انہوں نے بلغاریہ کی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی سفارت کاری کی بہترین مثال قرار دیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈائس فورم ڈپلومیسی، شمولیت، ماحولیاتی اقدامات اور تعلیم پر عملی کام کر رہا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک سہیل چئیرمین کوآرڈینیشن ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے عالیہ آغا کی قیادت اور ڈائس فورم کے “کتاب پراجیکٹ” کو سراہا جو تعلیمی پالیسیوں کو عملی جامہ پہنا رہا ہے۔ ملک سہیل نے پبلک، پرائیویٹ سیکٹر اور سول سوسائٹی کے درمیان شراکت داری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ FPCCI تاجر برادری کی حوصلہ افزائی کرے گی کہ وہ اپنے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی (CSR) کے تحت اسکولوں کو کتابیں عطیہ کریں اور لائبریریاں قائم کریں۔ اس موقع پر مہمان خصوصی بلغارین سفیر ارینا گانچیوا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے باوجود کتابیں علم اور ذاتی ترقی کا لازوال ذریعہ ہیں۔ تعلیم اور مطالعے کا مواد نوجوانوں کو باشعور اور ذمہ دار شہری بناتا ہے۔

انہوں نے “کتاب پراجیکٹ” کی حمایت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بلغاریہ اور پاکستان کے درمیان دوستی کو گہرا کرنے کا ایک بامعنی ذریعہ قرار دیا۔ فوزیہ عاصم صدر،مشعل اسکول نے اختتامی تقریر میں بلغاریہ کے سفارت خانے، ڈائس فورم اور FPCCI کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کتابوں سے اسکول کی لائبریری مزید مستحکم ہوگی اور طلبہ کو سیکھنے اور نئے خیالات کو تلاش کرنے کے بہترین مواقع ملیں گے۔ تقریب کے آخر میں مشعل اسکول کی لائبریری کو باقاعدہ طور پر کتابیں پیش کی گئیں اور مہمانوں نے بچوں سے گفتگو کی۔ تمام شرکاء نے پاکستان بھر میں لائبریریوں کو فعال بنانے اور کتابوں تک رسائی بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ڈائس فورم کا “کتاب پراجیکٹ” اسکولوں اور نجی شعبے کے ساتھ مل کر تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔