اسلام آباد(آئی پی ایس )کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈپٹی کمشنر سردار محمد آصف نے لینڈ اینڈ ری ہیبلیٹیشن ڈائریکٹوریٹ اور اسٹیٹ افیکٹیز سیکشن کے افسران و اہلکاروں کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔23 جون 2026 کو جاری ہونے والے آفس آرڈر میں کہا گیا ہے کہ بعض ایسے افسران اور اہلکار، جن کا تبادلہ مذکورہ شعبوں سے دیگر دفاتر میں ہو چکا ہے، اب بھی لینڈ ڈائریکٹوریٹ اور اسٹیٹ افیکٹیز سیکشن کے معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں اور کلیم فائلوں کی نقل و حرکت میں کردار ادا کر رہے ہیں، جو کہ غیر مجاز اور قابل اعتراض عمل ہے۔
آفس آرڈر کے مطابق آئندہ کسی بھی منتقل شدہ یا سابق اہلکار کو لینڈ ڈائریکٹوریٹ اور اسٹیٹ افیکٹیز سیکشن کے سرکاری امور میں شامل نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی انہیں کسی قسم کی سہولت فراہم کی جائے گی، جب تک ڈپٹی کمشنر سے پیشگی اجازت حاصل نہ کی جائے۔ ہدایت نامے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ موجودہ افسران و اہلکار اگر کسی منتقل شدہ یا سابق ملازم سے رہنمائی یا معاونت حاصل کرنا چاہیں تو اس کے لیے بھی پہلے مجاز اتھارٹی سے اجازت لینا ضروری ہوگی۔
سی ڈی اے انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف CDA Employees Service Regulations, 1992 کے تحت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ یہ اقدام لینڈ اور اسٹیٹ افیکٹیز سے متعلق معاملات میں شفافیت، نظم و ضبط اور غیر مجاز مداخلت کے خاتمے کے لیے کیا گیا ہے۔


