ہومپاکستاننیب اور نیشنل فارنزک ایجنسی کا سائنسی بنیادوں پر احتسابی تحقیقات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اشتراکِ کار

نیب اور نیشنل فارنزک ایجنسی کا سائنسی بنیادوں پر احتسابی تحقیقات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اشتراکِ کار

 
اسلام آباد(سب نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) اور نیشنل فارنزک ایجنسی (این ایف اے) نے نیب کی  تفتیشات ، تحقیقات اور مقدمات میں جدید فارنزک سائنس کو موثر طور پر شامل کرنے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)  کو حتمی شکل دے دی   ہے۔
 
اس معاہدے پر   باضابطہ دستخط جناب امجد مجید اولکھ (ڈائریکٹر جنرل آپریشنز، نیب) اور جناب جواد احمد ڈوگر (ڈائریکٹر جنرل، این ایف اے) نے نیب ہیڈ کوارٹر میں چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد، نیب  اور این  ایف اے کے سینئر افسران   کی موجودگی میں کیے۔
 
اس شراکت داری کے تحت، نیب شواہد کی تحقیقات اور سائنسی تجزیے کے لیے متعلقہ  تفتیشی مواد این ایف اے کو ارسال کرے گا   جو مقررہ معیاری عملی طریقہ کار کے تحت مصدقہ فارنزک رپورٹس فراہم  کرے گا۔ شواہد پر مبنی مقدمات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے، این ایف اے کے فارنزک ماہرین احتساب عدالتوں اور دیگر  مجاز عدالتوں  میں ضرورت کے مطابق  اپنی فنی شہادت  پیش  کریں گے۔
 
یہ معاہدہ تمام حساس تفتیشی مواد کے محفوظ استعمال اور رازداری کو یقینی بنانے کے لیے سخت طبعی (فزیکل)، ڈیجیٹل اور ضابطہ جاتی پروٹوکول قائم کرتا ہے۔  علاوہ اذیں ، باہمی تعاون کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ رابطہ کاری اور فراہم کردہ خدمات کے عوض مالیاتی تصفیے کے واضح طریقہ کار بھی طے کر دیے گئے ہیں۔
یہ تزویراتی اتحاد قومی احتسابی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرتا ہے، جس سے قانونی کارروائی میں طریقہ کار کی  پاسداری، سائنسی  صدقات اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔