گلگت (سب نیوز)گلگت بلتستان اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے لیے ہونے والے انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے عمران ندیم اسپیکر جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کے کفایت الرحمان ایڈووکیٹ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔
گلگت بلتستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر نذیر احمد کی صدارت میں منعقد ہوا، جس کے دوران نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل مکمل کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر نذیر احمد نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی کے عمران ندیم اسپیکر اور مسلم لیگ (ن)کے کفایت الرحمن ایڈووکیٹ ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد رکن کی جانب سے بھی انتخابی عمل پر کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی)کے درمیان پہلے ہی اتفاق رائے ہو چکا تھا، جس کے نتیجے میں تینوں جماعتوں کی مشترکہ حمایت سے عمران ندیم اور کفایت الرحمان بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے۔گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی مل کر حکومت بنائیں گے، مسلم لیگ ن وزیراعلی کے انتخاب میں پیپلز پارٹی کو ووٹ دے گی، تاہم کابینہ کا حصہ نہیں بنے گی بلکہ اپوزیشن میں بیٹھے گی۔
گلگت بلتستان اسمبلی، پیپلز پارٹی کے عمران ندیم اسپیکر، ن لیگ کے کفایت الرحمان ڈپٹی اسپیکر منتخب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

