Sunday, June 21, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانگلگت بلتستان ،پیپلزپارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی کامشترکہ حکومت بنانے کا اعلان

گلگت بلتستان ،پیپلزپارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی کامشترکہ حکومت بنانے کا اعلان

گلگت (سب نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے باقاعدہ اتحاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں اور استحکام پاکستان پارٹی حکومت سازی کے عمل میں پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گی۔ رہنماوں کے مطابق اتحاد کا مقصد خطے کی ترقی، عوامی مسائل کا حل اور سیاسی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

گلگت میں مشترکہ پریس کانفرنس اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں جماعتوں کے رہنماں نے کہا کہ باہمی ملاقاتوں اور تفصیلی مشاورت کے بعد اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی حکومت سازی کے عمل میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کرے گی۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید نیئر حسین بخاری، مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ، صوبائی صدر اور نامزد امیدوار برائے وزارتِ اعلی امجد حسین ایڈووکیٹ سمیت دیگر صوبائی عہدیداران موجود تھے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت نے بھی شرکت کی۔ استحکام پاکستان پارٹی گلگت بلتستان کے صدر حاجی گلبر خان نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان دیگر اہم امور اور مستقبل کے معاملات وفاقی سطح پر مرکزی قیادت طے کرے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ سیاسی اشتراک خطے میں استحکام اور ترقی کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔

پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)اور استحکام پاکستان پارٹی کا خطے کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک پلیٹ فارم پر آنا خوش آئند اور مثبت پیشرفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اتحاد کے نتیجے میں گلگت بلتستان ترقی، خوشحالی اور بہتر طرز حکمرانی کی جانب گامزن ہوگا۔انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت سازی اور دیگر انتظامی و سیاسی معاملات پر باضابطہ عمل پیر کے روز سے شروع کیا جائے گا۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی و صوبائی قیادت نے حکومت سازی کے عمل میں تعاون پر استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان تمام اہم معاملات طے پا چکے ہیں اور مستقبل میں بھی باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔