Saturday, June 20, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومبریکنگ نیوزپاکستان اور قطر کی ثالثی میں امریکا ایران تکنیکی مذاکرات کل سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے، دفتر خارجہ کا اعلان

پاکستان اور قطر کی ثالثی میں امریکا ایران تکنیکی مذاکرات کل سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے، دفتر خارجہ کا اعلان

اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشتپر دستخط کے بعد، اس کے تحت تکنیکی سطح کے باقاعدہ مذاکرات 21 جون 2026 کو سوئٹزرلینڈ کے مشہور تفریحی مقام برگن اسٹاکمیں منعقد ہوں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ہفتہ کے روز جاری بیان میں دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ مذاکرات دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی ابتدائی مفاہمتوں کو عملی جامہ پہنانے کی طرف پہلا بڑا قدم ہیں۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس اہم ترین اجلاس میں امریکا اور ایران کے اعلی سطح کے تکنیکی نمائندے آمنے سامنے بیٹھیں گے۔اس سفارتی عمل کی خاص بات یہ ہے کہ پاکستان اور قطر کے نمائندے باقاعدہ ثالث (میڈی ایٹرز) کے طور پر اجلاس میں موجود رہیں گے، جو فریقین کے درمیان رابطے کا بنیادی ذریعہ ہیں۔وزارت خارجہ کے پریس نوٹ کے مطابق ان مذاکرات کا بنیادی مقصد اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والے نکات کو آگے بڑھانا اور ان پر عمل درآمد سے متعلق تمام پیچیدہ، قانونی اور تکنیکی امور پر تفصیلی تبادل خیال کرنا ہے۔

بیان کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے اس اہم اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے ماہرین اور متعلقہ حکام دستخط کے بعد ہونے والی پیش رفت کا باریک بینی سے جائزہ لیں گے اور متفقہ فریم ورک کو آگے بڑھانے کے لیے عملی اقدامات پر غور کریں گے۔

پاکستانی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ پاکستان ایک غیر جانبدار ثالث کے طور پر اپنی ذمہ داریاں بدستور جاری رکھے گا اور فریقین کے درمیان تعمیری رابطوں اور سفارتی کوششوں کو فروغ دینے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔