اسلام آباد(سب نیوز) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے روسی ٹریڈ قونصلر نے وزارتِ ریلوے میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان ریلوے شعبے میں تعاون کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ریلوے کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری، ریلوے انفراسٹرکچر کی بہتری، ٹریک اپ گریڈیشن، سگنلنگ سسٹمز کی جدیدکاری اور آپریشنل استعداد میں اضافے کے لیے روسی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی جدیدکاری کے لیے روس کے تجربے، مہارت اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے روسی کمپنیوں کو پاکستان ریلوے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ وہ روس کے ریلوے نظام، جدید ٹیکنالوجی اور بہترین عملی تجربات کا قریب سے جائزہ لینے کے لیے مستقبل قریب میں روس کا دورہ کرنا چاہیں گے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی تعاون اور تجربات کے تبادلے کو مزید فروغ ملے گا۔
روسی ٹریڈ کونسلر نے پاکستان ریلوے کی ترقی اور جدیدکاری کے لیے روسی تعاون میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ ریلوے کے شعبے میں روابط کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی تعاون اور ادارہ جاتی اشتراک مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے ریلوے کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے، سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے اور باہمی روابط کو مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان ریلوے تعاون دونوں ممالک کے لیے باہمی فائدے اور اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔

