اسلام آباد (سب نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج دنیا نے امن کا ایک تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے اور جنگ کی تاریک رات کے بعد امن کا سورج طلوع ہو گیا ہے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اعلان کیا کہ امریکہ اور ایران نے تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے فوری اور مستقل خاتمے پر اتفاق کر لیا ہے، جو عالمی امن اور استحکام کے لیے ایک بڑی پیشرفت ہے۔وزیراعظم نے بتایا کہ اس تاریخی امن معاہدے کی باضابطہ تقریب 19 جون بروز جمعہ جنیوا میں منعقد ہوگی، جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف دو ممالک کے درمیان معاہدہ نہیں بلکہ امن، سفارت کاری اور مکالمے کی فتح ہے۔ وزیراعظم نے اس کامیابی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے تمام معزز اراکین اور مختلف سیاسی جماعتوں کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں نواز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت تمام قومی قیادت کے تعاون کو سراہا۔وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ خطے اور دنیا میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔
جمعہ کو جنیوا میں ایران امریکا امن معاہدہ تقریب کی میزبانی پاکستان کریگا، وزیراعظم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

