Sunday, June 14, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومبریکنگ نیوزبجٹ :حکومت نے چھوٹی صنعتوں کو نظرانداز کر کے برآمدی شعبے کو مشکل میں ڈال دیا، صنعتکار

بجٹ :حکومت نے چھوٹی صنعتوں کو نظرانداز کر کے برآمدی شعبے کو مشکل میں ڈال دیا، صنعتکار

اسلام آباد (آئی پی ایس )فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ تحسین نے وفاقی بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ نے صنعتکاروں کے مسائل کا مکمل مداوا نہیں کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ریفنڈز کی عدم ادائیگی اور انرجی ٹیرف پر خاموشی صنعتی سیکٹر کیلئے تشویشناک ہیں، برآمدی شعبے کو سہولیات نہ دینے پر معاشی چیلنجز کا سامنا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں صنعتی انقلاب کا فقدان رہا، حکومت نے صنعتی انجمنوں کی تجاویز پر عمل نہیں کیا، اسمال میڈیم انڈسٹریز کو نظر انداز کرکے برآمدی شعبے کو مشکل میں ڈال دیا گیا ہے۔شیخ تحسین نے کہا کہ بجٹ میں پراپرٹی اور ٹریول سیکٹر کو ملنے والا ریلیف معیشت کو فائدہ پہنچائے گا۔ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ بجٹ کے بعد نئی صنعتی پالیسی میں برآمدی شعبے پر خصوصی توجہ مرکوز کرے۔

شیخ تحسین نے کہا کہ برآمدات کو فروغ ملنے سے ہی زرمبادلہ میں آمدنی بڑھ سکے گی اور روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے، بجٹ میں کراچی کے فور منصوبے کیلئے صرف 10ارب روپے مختص کرنے پر مایوسی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کا سالانہ محصولاتی ہدف صنعتی بحالی کے بغیر ممکن نہیں ہے جبکہ اشیائے صرف پر 18فیصد جی ایس ٹی مہنگائی کی شرح میں اضافہ کرے گا، عالمی سطح پر شرح سود بڑھنے سے بجٹ کے تخمینے متاثر ہوں گے۔انہوں نے سپر ٹیکس کی حد میں تبدیلی اور 50 کروڑ روپے آمدنی پر اس کا خاتمہ خوش آئند قرار دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔