اسلام آباد(آئی پی ایس ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(آئی سی سی آئی)کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ آئی سی سی آئی وفاقی دارالحکومت کی تاجر و کاروباری برادری کا سب سے معتبر نمائندہ ادارہ ہے جو تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے موثر آواز بلند کر رہا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز جی ایٹ مرکز کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (ٹی ڈبلیو اے)کے ایک بڑے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر عجب خان کر رہے تھے۔صدر آئی سی سی آئی نے چیمبر کی نمایاں کامیابیوں اور خدمات کا ذکر کرتے ہوئے تاجروں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں چیمبر کی رکنیت حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ممبران کی تعداد میں اضافہ کاروباری برادری کی اجتماعی آواز کو مزید مضبوط بنائے گا اور چیمبر کو تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے زیادہ موثر کردار ادا کرنے میں مدد ملے گی۔
سردار طاہر محمود نے آئندہ کوفاقی بجٹ 2026-27کے حوالے سے امید ظاہر کی کہ حکومت کاروباری برادری کو ریلیف فراہم کرے گی، خصوصا پراپرٹی ٹرانسفر فیس میں کمی سمیت دیگر کاروبار دوست اقدامات متعارف کرائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ آٹو موبائل شورومز کے دیرینہ مسئلے کو بھی فوری طور پر حل کیا جائے۔اس موقع پر انہوں نے جی ایٹ مرکز کے تاجروں کی چیمبر میں ہشمولیت بڑھانے اور ان سے رابطوں کو مزید موثر بنانے کے لیے آئی سی سی آئی ممبرشپ کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا جس کے چیئرمین ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی ایٹ کے صدر عجب خان ہوں گے۔ کمیٹی چیمبر کے قواعد و ضوابط اور پالیسیوں کے مطابق کام کرتے ہوئے وقتا فوقتا اپنی سفارشات صدر آئی سی سی آئی کو پیش کرے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عجب خان نے جی ایٹ مرکز کے تاجروں کو درپیش مختلف مسائل خصوصا ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ سے متعلق مشکلات کو اجاگر کیا اور ان کے حل کے لیے چیمبر سے تعاون کی درخواست کی۔ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی ایٹ کے جنرل سیکریٹری محمد وسیم عباسی نے سیکٹر میں جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب اور پھولوں کی مارکیٹ کے قیام کا مطالبہ کیا تاکہ تاجروں اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
آئی سی سی آئی کے سابق صدر اور کونسل ممبر محمد اعجاز عباسی نے جی ایٹ کی کاروباری برادری کا چیمبر اور فونڈر گروپ پر مسلسل اعتماد اور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر راجہ محمد نوید ستی اور سینئر ممبر اسرار مشوانی نے بھی تاجروں کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی جن میں سیوریج کا ناقص نظام، ٹوٹے ہوئے فٹ پاتھ، پارکنگ کی ناکافی سہولیات اور دیگر شہری مسائل شامل تھے۔ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی ایٹ کے سینئر نائب صدر عبدالقدیر نے تجویز پیش کی کہ چیمبر کی جانب سے ایک فوکل پرسن مقرر کیا جائے جو تاجروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرے۔اپنے اختتامی کلمات میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری نے وفد کو یقین دلایا کہ چیمبر تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور حکام کے ساتھ بھرپور رابطہ کرے گا اور ان کے مسائل کے ازالے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران وسیم چوہدری، ذوالقرنین عباسی، روحیل انور بٹ، سابق سینئر نائب صدور خالد چوہدری، نوید ملک اور دیگر کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔

