Saturday, June 13, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ ترینمظفرآباد، آئی ایس آئی کی بڑی کارروائی، بھارتی خفیہ ایجنسی را سے منسلک 5افراد گرفتار

مظفرآباد، آئی ایس آئی کی بڑی کارروائی، بھارتی خفیہ ایجنسی را سے منسلک 5افراد گرفتار

مظفر آباد (سب نیوز)مظفر آباد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انٹیلیجنس بنیادوں پر ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش ایک ملزم کی نشاندہی پر بڑے پیمانے پر اسلحہ ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا، جس میں 7 خودکار ہتھیار، متعدد گرینیڈز اور دیگر جنگی سامان شامل ہے۔کارروائی کے دوران حساس تنصیبات کے نقشے، مبینہ حملہ منصوبے، لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر مواصلاتی آلات بھی قبضے میں لیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں برآمد ہونے والے ڈیجیٹل آلات سے مشکوک روابط اور حساس نوعیت کے مواد کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ملزمان کے قبضے سے حساس مقامات سے متعلق دستاویزات اور ریکارڈ بھی برآمد کیا گیا ہے، جبکہ دشمن خفیہ ایجنسی کے ساتھ مبینہ رابطوں کے شواہد بھی تحقیقات کا حصہ بن گئے ہیں۔تحقیقاتی ذرائع کے مطابق برآمد شدہ موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور دیگر مواد کا فرانزک اور تکنیکی تجزیہ جاری ہے۔ تفتیش کار ممکنہ سہولت کاروں، مالی معاونت کے ذرائع اور کسی وسیع نیٹ ورک کے امکانات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ بروقت کارروائی کے نتیجے میں حساس تنصیبات اور عوامی سلامتی کو ممکنہ خطرات سے محفوظ بنایا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ ریاستی سلامتی، امنِ عامہ اور قومی مفادات کے خلاف کسی بھی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔