Sunday, June 7, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستاناب کام بھی ہوگا اور بچوں کی دیکھ بھال بھی ، مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب کے سرکاری اداروں میں جدید ڈے کیئر سنٹرز قائم

اب کام بھی ہوگا اور بچوں کی دیکھ بھال بھی ، مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب کے سرکاری اداروں میں جدید ڈے کیئر سنٹرز قائم

لاہور (آئی پی ایس )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ہر وعدہ سچ ثابت ہونے لگا ہے اور خواتین کے عالمی دن پر ان کی جانب سے کیا گیا ڈے کیئر سنٹرز کے قیام کا اعلان اب بڑی تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام وزیراعلی کے خصوصی اقدام کے تحت اس پراجیکٹ پر کام جاری ہے، جس کے تحت صوبے بھر کے اسپتالوں، تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر میں مجموعی طور پر 650 ڈے کیئر سنٹرز بنائے جائیں گے۔ ورکنگ خواتین کی سہولت اور ان کے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے شروع کیے جانے والے اس دوررس منصوبے کے لیے حکومتِ پنجاب کی جانب سے ایک ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

منصوبے کے پہلے مرحلے میں صوبے بھر میں 390 ڈے کیئر سنٹرز کے قیام کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جس میں سے اب تک 350 ڈے کیئر سنٹرز مکمل طور پر فنکشنل ہوچکے ہیں جبکہ باقی 40 سنٹرز پر تعمیراتی کام آخری مراحل میں یعنی زیرِ تکمیل ہے۔پہلے مرحلے کی اس تیز رفتار کامیابی کو دیکھتے ہوئے وزیراعلی مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو اگلے مالی سال تک مجموعی طور پر 650 ڈے کیئر سنٹرز کے قیام کا حتمی ہدف دے دیا ہے۔ ان جدید مراکز میں بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے تعلیمی مواد، نت نئے کھلونے اور ایل سی ڈی اسکرینز نصب کی جائیں گی، جبکہ بچوں کی بہترین دیکھ بھال کے لیے باقاعدہ تربیت یافتہ خواتین کیئر گیور عملہ متعین کیا جائے گا۔اس حوالے سے یہ سہولت بھی دی گئی ہے کہ ابتدائی طور پر وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ خود ان ڈے کیئر سنٹرز میں کام کرنے والی آیا کی تنخواہ ادا کرے گا۔اس منصوبے کے دائرہ کار کو وسیع کرتے ہوئے پنجاب بھر کے دانش سکولوں میں بھی ورکنگ وویمن ٹیچرز اور وہاں کے عملے کے لیے ڈے کیئر سنٹرز قائم کردیے گئے ہیں۔اسی طرح جنوبی پنجاب اور صوبے کے دیگر دور دراز اضلاع میں ترجیحی بنیادوں پر گرلز کالجز اور اسپتالوں میں بھی یہ مراکز قائم کیے گئے ہیں تاکہ پسماندہ علاقوں کی ملازمت پیشہ خواتین کو یکساں سہولیات مل سکیں۔ان تمام مراکز کی کارکردگی اور شفافیت کو جانچنے کے لیے وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام ڈے کیئر سنٹرز کا ایک جدید آن لائن مانیٹرنگ سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے جس سے تمام سنٹرز کی براہِ راست نگرانی کی جارہی ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کے سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں اور اسپتالوں میں ورکنگ خواتین کی سہولت کے لیے مجموعی طور پر 86 ڈے کیئر سنٹرز کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا تھا، جس میں سے 70 سنٹرز اس وقت فعال ہوکر اپنی خدمات فراہم کررہے ہیں۔اس کے علاوہ، وزیراعلی مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر لاہور چیمبر آف کامرس اور بار کونسل جیسے اہم کاروباری و قانونی مراکز میں بھی ڈے کیئر سنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ وہاں آنے والی اور کام کرنے والی خواتین کو ریلیف مل سکے۔لاہور کے ساتھ ساتھ پنجاب کے دیگر بڑے اور چھوٹے اضلاع میں بھی یہ نیٹ ورک تیزی سے پھیل چکا ہے۔ فیصل آباد میں ورکنگ وویمن کی سہولت کے لیے سرکاری اداروں میں 20 ڈے کیئر سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔اس وقت بھکر میں 21، شیخوپورہ میں 18، لیہ میں 17، خانیوال میں 15، اوکاڑہ میں 14، ننکانہ صاحب میں 13، سیالکوٹ میں 12 اور وہاڑی میں 12 ڈے کیئر سنٹرز مکمل طور پر فعال ہیں۔اسی طرح بہاولپور میں 17، ملتان میں 16، گجرانوالہ میں 12، جبکہ راولپنڈی اور سرگودھا میں 7، 7 ڈے کیئر سنٹرز بھی فعال ہو کر کام شروع کرچکے ہیں۔اس حوالے سے اپنے ایک خصوصی بیان میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ورکنگ وویمن کا تحفظ اور ان کو بہترین سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور اسی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر میں ڈے کیئر سنٹرز کا یہ جال بچھایا جارہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔