بیجنگ : چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے منسک میں چین-بیلاروس صنعتی و سرمایہ کاری تعاون فورم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور خطاب کیا۔اتوار کے روز ہان ژینگ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں، صدر شی جن پھنگ اور صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی اسٹریٹجک قیادت میں،دونوں ممالک کے تعلقات اعلیٰ سطح پر ترقی کرتے رہے ہیں، جن میں معاشی، تجارتی، اور سرمایہ کاری کے تعاون میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2025 تک، چین اور بیلاروس کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم سفارتی تعلقات کے آغاز سے تقریباً 150 گنا بڑھ چکا ہے۔چین-بیلاروس انڈسٹریل پارک میں 178 کاروباری ادارے کام کر رہے ہیں۔
چین بیلاروس کے ساتھ ہمہ موسمی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے تیار ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔ ہان ژینگ نے چین-بیلاروس تعاون کے حوالے سے تین نکات پیش کیے۔پہلا ، ترقیاتی حکمت عملیوں کی ہم آہنگی کو مضبوط کیا جائے۔ چین بیلاروس کے ساتھ مل کر بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی اعلیٰ معیار کی تعمیر کو آگے بڑھانے اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے تاکہ نئے نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
دوسرا، تجارتی ترقی کی صلاحیت کو مزید بروئے کار لایا جائے۔ چین بیلاروس کے ساتھ مل کر زراعت، مویشی، مشینری اور دیگر شعبوں میں تجارت کو وسعت دینے، سرحد پار ای-کامرس جیسے نئے کاروباری ماڈلز کو فروغ دینے، اور دو طرفہ تجارت کی پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہے۔ تیسرا، صنعتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو وسعت دی جائے۔دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مل کر “چین-بیلاروس صنعتی تعاون کا سال” منانے، چائنا انٹرنیشنل سپلائی چین پروموشن ایکسپو جیسے پلیٹ فارمز کو موثر طور پر استعمال کرنے، روایتی شعبوں میں تعاون کو مضبوط کرنے، اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں گہرے انضمام کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔
چین-بیلاروس صنعتی اور سرمایہ کاری تعاون فورم چائنا کونسل فار دی پروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ، چین-بیلاروس انڈسٹریل پارک، اور بیلاروسی اسٹیٹ انویسٹمنٹ اینڈ پرائیویٹائزیشن ایجنسی کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ہے، جس میں چین اور بیلاروس کے سیاسی اور کاروباری حلقوں کے 400 سے زائد نمائندوں نے شرکت کی۔

