جدہ ( خالد نواز چیمہ) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل برائے سائنس و ٹیکنالوجی، ممتاز پاکستانی سفارتکار سے پاکستان جرنلسٹس فورم جدہ کے وفد نے ملاقات کی۔ خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل، پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات، مسلم دنیا میں سائنسی و تکنیکی ترقی اور میڈیا کے مثبت و تعمیری کردار پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفد نے سفیر افتاب احمد کھوکھر کو اسلامی تعاون تنظیم میں اہم ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وفد کا کہنا تھا کہ افتاب احمد کھوکھر پاکستان کے ان ممتاز سفارتکاروں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری، عوام دوستی اور شاندار سفارتی خدمات کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا ہے۔
پاکستان جرنلسٹس فورم کے اراکین نے خصوصاً جدہ میں بطور قونصل جنرل ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفد کے مطابق انہوں نے اپنے دورِ تعیناتی میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل، قونصلر خدمات میں بہتری، اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ مضبوط رابطوں اور عوامی خدمت کے میدان میں قابلِ قدر کردار ادا کیا۔
وفد نے کہا کہ افتاب احمد کھوکھر نے قونصل خانہ پاکستان کو ایک عوام دوست ادارے کی شکل دی، جہاں پاکستانی کمیونٹی کے لیے دروازے ہمیشہ کھلے رہے۔ انہوں نے ہر طبقے کے پاکستانیوں کے مسائل کو توجہ سے سنا اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے۔ ان کے دور میں پاکستانیوں کو جس عزت، احترام اور سہولت کے ساتھ خدمات فراہم کی گئیں، وہ آج بھی کمیونٹی کے دلوں میں محفوظ ہیں۔
اس موقع پر سفیر افتاب احمد کھوکھر نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو اپنی محنت، خدمات اور ترسیلاتِ زر کے ذریعے قومی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی وطن سے محبت اور وابستگی قابلِ ستائش ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کے دوران بھی پاکستان کے مفادات کے فروغ، اسلامی ممالک کے درمیان سائنسی و تکنیکی تعاون کے استحکام اور امتِ مسلمہ کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے پلیٹ فارم سے مسلم ممالک کے درمیان علم، تحقیق، اختراع اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ملاقات کے اختتام پر پاکستان جرنلسٹس فورم جدہ کے وفد نے سفیر افتاب احمد کھوکھر کی قومی، سفارتی اور عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی صلاحیتوں، تجربے اور قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان اور امتِ مسلمہ کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کرتے رہیں گے۔
وفد نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افتاب احمد کھوکھر جیسے باصلاحیت، دور اندیش اور وژنری سفارتکار پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، جن کی خدمات نہ صرف قومی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی قابلِ فخر ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔

