Thursday, May 21, 2026
ہومبریکنگ نیوزسپریم جوڈیشل کونسل میں چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کیخلاف 5 شکایات خارج

سپریم جوڈیشل کونسل میں چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کیخلاف 5 شکایات خارج

اسلام آباد(آئی پی ایس) : سپریم جوڈیشل کونسل نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کے خلاف دائر کردہ تمام پانچوں شکایات کو متفقہ طور پر مسترد کرتے ہوئے خارج کر دیا ہے۔

سپریم جوڈیشل کونسل نے اس حوالے سے باقاعدہ فیصلے بھی جاری کر دیے ہیں۔ کونسل کے مطابق ان شکایات کا تعلق سال 2016، 2022 اور 2025 کے مختلف معاملات سے تھا، جن میں بنیادی طور پر عدالتی فیصلوں اور ججز کی تقرریوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

میاں صبغت اللہ شاہ ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر شکایت نمبر 246/2016 کو خارج کیا گیا، جس میں چیف جسٹس پر پشاور ہائیکورٹ کے جج کی حیثیت سے ایڈیشنل سیشن ججز کی تعیناتیوں میں میرٹ کی مبینہ خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا تھا۔

کراچی کے شہری امجد حسین درانی کی دائر کردہ شکایت نمبر 549/2022 بھی متفقہ طور پر مسترد کر دی گئی، جن کا مؤقف تھا کہ جنوری 2022 میں سپریم کورٹ کے ایک بینچ نے ان کی درخواست سنے بغیر غیر منصفانہ طور پر خارج کر دی تھی۔

اسی طرح لاہور کے ایڈووکیٹ اجمل محمود کی شکایت نمبر 746/2025 بھی مسترد ہوئی، جس میں انہوں نے سپریم کورٹ اور برانچ رجسٹریز میں اپنے داخلے پر پابندی کی توسیع کے عدالتی حکم کو مس کنڈکٹ قرار دے کر چیلنج کیا تھا۔

کراچی کے رہائشی کامران خان کی جانب سے دائر شکایت نمبر 748/2025 کو بھی کونسل نے خارج کر دیا، جس میں انہوں نے سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے ماضی میں اپنی ایک شکایت کو غیر قانونی طور پر خارج کرنے کا الزام لگایا تھا۔

آخر میں تحصیل بورے والا کے رہائشی محمد آصف مسعود کی شکایت نمبر 750/2025 بھی کونسل نے متفقہ طور پر مسترد کر دی، جس میں شکایت کنندہ نے مارچ 2023 میں سپریم کورٹ کے ایک بینچ کی جانب سے سول اپیل کے فیصلے کو غلط اور قانون کے خلاف قرار دیا تھا۔

سپریم جوڈیشل کونسل نے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد چیف جسٹس کے خلاف ان تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر خارج کر دیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔