اتہران (آئی پی ایس )ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ حالیہ برسوں کے واقعات میں ایران کے سکیورٹی اور انٹیلی جنس نظام میں بڑی خامیوں سامنے آنے کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبی خامنہ ای نے ملک کے انٹیلی جنس نظام میں بڑے پیمانے پر تنظیمِ نو کا حکم دیا ہے۔
اتوار کے روز سماجی رابطے کی ایپ ٹیلی گرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں قالیباف نے کہا کہ شوری نگہبان کی جانب سے ادارے کی تنظیمِ نو سے متعلق قانون سازی کا جائزہ مکمل ہونے کے بعد حکومت کو مستقل وزیر کی تقرری میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔ واضح رہے کہ ایران کے آخری وزیرِ انٹیلی جنس اسماعیل خطیب رواں سال 18 مارچ کو ایک اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے تھے جس کے بعد تاحال کسی دوسرے وزیر کا تقرر نہیں کیا گیا ہے۔
باقر قالیباف نے بتایا کہ ایرانی پارلیمنٹ نے ابتدائی طور پر حکومت سے وزارتِ انٹیلی جنس کی تنظیمِ نو سے متعلق بل پیش کرنے کا کہا تھا تاہم تاخیر کے بعد پارلیمنٹ نے خود ہی اس معاملے کو اپنے ہاتھ میں لے لیا۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق قانون سازوں نے اتوار کے روز بل کے عمومی خاکے کی منظوری دے دی اور ان شقوں پر غور شروع کر دیا ہے جن میں وزیرِ انٹیلی جنس کے عہدے کے لیے اہلیت کے معیار کو وسیع کرنا شامل ہے۔
سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مجوزہ اہلیت میں اب اجتہاد کی اہلیت رکھنے والے امیدواروں کے ساتھ ساتھ علما کے علاوہ بھی ایسے امیدوار شامل ہوں گے جو ماسٹرز ڈگری رکھتے ہوں، انٹیلی جنس امور میں مہارت اور تجربہ رکھتے ہوں اور درمیانی یا اعلی سطح کی انتظامیہ میں کم از کم 10 سال کا تجربہ رکھتے ہوں۔
