Tuesday, May 19, 2026
ہومتازہ ترینواٹس ایپ اکاؤنٹ بند ہونے کا خطرہ، صارفین کو خبردار کردیا

واٹس ایپ اکاؤنٹ بند ہونے کا خطرہ، صارفین کو خبردار کردیا

اسلام آباد: (آئی پی ایس) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے منسلک سمز سے متعلق انتباہ جاری کردیا۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ آپ کی ڈیجیٹل شناخت آپ کی ذمہ داری ہے، اس لیے صارفین اپنے واٹس ایپ سے منسلک غیرفعال یا غیر رجسٹرڈ سمز کی بروقت تصدیق یقینی بنائیں۔

اتھارٹی کے مطابق اپنے اکاؤنٹس، چیٹس، رابطوں اور ڈیجیٹل شناخت کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ واٹس ایپ نمبر کسی فعال اور رجسٹرڈ سم سے منسلک ہو۔

پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ اگر ضرورت ہو تو بائیو میٹرک تصدیق اور سم کی توثیق کے لیے قریبی فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے رجوع کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر موجودہ سم غیر فعال ہوچکی ہے تو فوری طور پر واٹس ایپ اکاؤنٹ کسی تصدیق شدہ اور فعال سم پر منتقل کیا جائے۔

پی ٹی اے نے صارفین کو متنبہ کیا کہ غیر متوقع لاگ آؤٹ کا انتظار نہ کریں کیونکہ موبائل نمبر ہی صارف کی ڈیجیٹل شناخت بھی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔