Wednesday, May 13, 2026
ہومکامرسوفاقی دارالحکومت کو این ایف سی ایوارڈ میں مناسب نمائندگی دی جائے: صدر آئی سی سی آئی

وفاقی دارالحکومت کو این ایف سی ایوارڈ میں مناسب نمائندگی دی جائے: صدر آئی سی سی آئی

اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں اسلام آباد کو فوری طور پر شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت قومی مالیاتی وسائل میں مناسب حصہ حاصل کیے بغیر اپنے بڑھتے ہوئے ترقیاتی، انتظامی اور شہری چیلنجوں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاروباری برادری، جو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، کو پائیدار ترقی اور کاروبار دوست اصلاحات کو یقینی بنانے کے لیے اقتصادی پالیسی سازی میں مناسب شناخت اور بامعنی شراکت داری دی جانی چاہیے۔


بدھ کو چیمبر ہاؤس میں تاجر رہنماؤں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ملک کا دارالحکومت اور اہم اقتصادی مرکز ہونے کے باوجود برسوں سے اس مالیاتی سہولت سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں اسلام آباد کو نمائندگی دینے سے شہری انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے، میونسپل سروسز کو بہتر بنانے اور شہر کے رہائشیوں اور کاروباری شعبے کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
سردار طاہر محمود نے کہا کہ کاروباری برادری کو اس وقت بڑھتے ہوئے انتظامی دباؤ، غیر معمولی آپریشنل لاگت اور مختلف معاشی مشکلات کی وجہ سے بے پناہ چیلنجز کا سامنا ہے جس سے تجارت اور سرمایہ کاری کی سرگرمیاں منفی طور پر متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پائیدار اقتصادی ترقی صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب تاجروں اور صنعت کاروں کو اعتماد میں لیا جائے اور کاروبار کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔
انہوں نے این ایف سی ایوارڈ میں اسلام آباد کی شمولیت کو وفاقی دارالحکومت میں بہتر طرز حکمرانی اور طویل مدتی ترقی کو یقینی بنانے کی جانب ایک لازمی قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو اس کا جائز مالی حصہ ملنا چاہیے تاکہ شہر جدید معاشی اور شہری تقاضوں کے مطابق ترقی کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مالی وسائل میں اضافہ حکام کو عوامی خدمات، بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ضروری سہولیات کو بہتر بنانے کے قابل بنائے گا۔


آئی سی سی آئی کے صدر نے مزید کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وفاقی دارالحکومت میں تاجر برادری کی مدر باڈی ہونے کے ناطے بغیر کسی امتیاز کے تاجروں اور صنعتکاروں کے جائز مفادات کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مسئلہ اس وقت مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے کیونکہ حکومت نے این ایف سی ایوارڈ کے فارمولے میں ترامیم پر غور و خوض شروع کر دیا ہے لہذا یہ مناسب وقت ہے کہ اسلام آباد کا مقدمہ قومی سطح پر موثر انداز میں پیش کیا جاے۔
دورے پر آئے ہوئے کاروباری وفود نے اسلام آباد کو این ایف سی ایوارڈ میں شامل کرنے کے مطالبے کی بھرپور حمایت کی اور کہا کہ وفاقی دارالحکومت اپنی انتظامی ذمہ داریوں، بڑھتی ہوئی آبادی اور تجارتی سرگرمیوں میں توسیع کے لحاظ سے مناسب مالی امداد کا مستحق ہے۔

اس موقع پر سینئر نائب صدر طاہر ایوب ، نائب صدر محمد عرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبران اسحاق سیال، ذوالقرنین عباسی، وسیم چوہدری اور سینئر ممبر اسرار الحق مشوانی بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔