اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں غذائی تحفظ اور کھاد کے ذخائر کی صورتحال پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کسانوں کو بروقت کھاد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ خلیجی ممالک سے کھاد کی سپلائی چین متاثر ہونے کے پیش نظر وسطی ایشیائی ممالک سے کھاد کی متبادل فراہمی کی منصوبہ بندی کی جائے۔
انہوں نے خریف اور ربیع سیزن کے لیے کھاد کے وافر ذخائر یقینی بنانے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے زرعی شعبے کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کھاد کی مقامی پیداوار بڑھانے کے لیے نئے پلانٹس لگانے کے منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔اجلاس میں متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو کھاد کی فراہمی کی مسلسل نگرانی کرنے اور مصنوعی قلت و ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے پیش نظر کھاد کی مقامی پیداوار کے لیے کارخانوں کو قدرتی گیس کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے۔بریفنگ کے مطابق خریف کی فصلوں کے لیے کھاد کے مناسب ذخائر بھی موجود ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد چیمہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور اعلی سرکاری حکام نے شرکت کی۔
