Tuesday, May 12, 2026
ہومپاکستانوزیر صحت مصطفی کمال سے ایرانی سفیر کی ملاقات، صحت کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر گفتگو

وزیر صحت مصطفی کمال سے ایرانی سفیر کی ملاقات، صحت کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر گفتگو

اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ فارماسیوٹیکل، ویکسین سازی اور دیگر طبی شعبوں میں ترقی کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے ملاقات کے دوران کیا ۔ وزارتِ صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں صحت کے شعبے سمیت دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہا۔

وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے کہا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور دیگر شہدا و معصوم بچوں کی شہادت پر بڑا دکھ اور رنج ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اس مشکل وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے حالیہ تنازعہ کے دوران پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے مشکل حالات میں پاکستان کی جانب سے اظہارِ یکجہتی اور تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک صحت کے شعبے میں قریبی اشتراک کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوں گے۔ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ صحتِ عامہ کے شعبے میں اشتراکِ کار کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔صحت کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کیلئے دونوں ممالک کی جانب سے اعلی سطحی کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔وفاقی وزیر صحت کے مطابق پاکستان کی جانب سے سی ای او ڈریپ، سی ای او قومی ادارہ صحت اور جوائنٹ سیکرٹری ایڈمن پر مشتمل نمائندہ کمیٹی نوٹیفائی کی جا رہی ہے جبکہ ایران بھی اپنی نمائندہ کمیٹی نامزد کرے گا جو مشترکہ منصوبوں اور دوطرفہ تعاون کے مواقع کا تعین کرے گی، انہوں نے مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری میں پاکستان کی نمایاں پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔