اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ڈیزل بردار جہاز خیرپور کی محفوظ روانگی اور بروقت تعاون پر حکومتِ کویت کا شکریہ ادا کیا۔پاکستان میں تعینات کویتی سفیر نصار عبدالرحمن جاسر المطیری سے ملاقات میں وزیر پیٹرولیم نے علاقائی صورتحال، توانائی کے شعبے میں تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان اور کویت نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پربھی اتفاق کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومتِ کویت نے مشکل حالات میں جہاز خیرپور کی محفوظ روانگی یقینی بنانے میں بھرپور تعاون کیا، جس کے باعث پاکستان کو ایندھن کی مسلسل فراہمی برقرار رکھنے میں مدد ملی۔انہوں نے بتایا کہ یہ جہاز تقریبا 45 ہزار ٹن ڈیزل اور 10 ہزار ٹن جیٹ فیول لے کر پاکستان پہنچا، جس کے لیے خصوصی منظوری دی گئی تھی۔یہ صورتحال آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے بعد سامنے آئی۔علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے پرعزم ہے، تاہم جاری تنازع کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل اور وزیرِ اعظم کی مشترکہ کوششوں سے جہاز خیرپور بحفاظت پاکستان پہنچا، جس سے ملک میں ایندھن کی فراہمی اور توانائی ضروریات کو یقینی بنانے میں مدد ملی۔کویتی سفیر نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کویت پاکستان کو تعمیری کردار جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی ذمہ دارانہ پالیسی کے ذریعے خود کو ثابت کیا ہے اور اب عالمی برادری میں پاکستان کو نئے اور بلند مقام سے دیکھا جا رہا ہے۔ملاقات میں پیٹرولیم اور توانائی کے شعبوں، خصوصا ریفائننگ کے میدان میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔دونوں ممالک نے پاکستان میں اسٹریٹجک آئل اسٹوریج کے قیام سمیت باہمی مفاد کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
