لاہور (آئی پی ایس )پنجاب کابینہ نے یونیورسٹی کا درجہ حاصل کرنے والے سرکاری کالجوں کے اصل ناموں کی بحالی کی منظوری دے دی ہے۔لاہور میں وزیراعلی مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر سابق وزیر اعظم نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اجلاس میں اپنا کھیت، اپنا روزگار اسکیم کے لئے 30 ہزار لاٹس کی نشاندہی کر لی گئی۔کابینہ نے قائداعظم بزنس پارک میں مزید 200 ایکڑ توسیع، ایکسل لوڈ مینجمنٹ نظام کے نفاذ اور مری گلاس ٹرین پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی تنخواہوں اور الاونسز کی منظوری دے دی ہے۔وزیر اعلی مریم نواز کا کہنا تھا کہ صنعتیں لگانے کا عمل بالکل آسان بنایا جائے گا، حکومت پر واجبات کا بوجھ ڈالنے کی ذہنیت برداشت نہیں کروں گی۔
کابینہ نے تیز ترین انشورنس کمپنی کے قیام، چولستان اور کچے کے علاقے کے لئے آسان شرائط پر اپنا کھیت اور اپنا روزگار اسکیم کی منظوری دی۔کابینہ نے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میں نئی بھرتیوں پر پابندی ختم اور ایکوا کلچر اتھارٹی کے قیام کی منظوری بھی دی۔
کابینہ نے یونیورسٹی کا درجہ حاصل کرنے والے سرکاری کالجوں کے اصل ناموں کی بحالی اور یو ای ٹی سب کیمپس نارووال کو یونیورسٹی بنانے، جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا اور بینک آف پنجاب کو کلین ایئر پروگرام کا مالیاتی ایجنٹ قرار دینے کی منظوری بھی دے دی۔ کابینہ نے شوگر سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے اور پالیسی فریم ورک کی منظوری کے ساتھ 150 سی سی تک کی موٹر سائیکلوں کی ٹرانسفر فیس ختم کرنے کی منظوری بھی دی۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ مالی واجبات کلیئر کریں، حکومت کام کروا لے اور ادائیگی نہ کرے، یہ قطعا قبول نہیں۔
