اسلام آباد(آئی پی ایس )رحمت للعالمین حضرت محمد مصطفی ۖ کی دنیا میں تشریف آوری کے 1500 ویں سال کی مناسبت سے منعقدہ قومی مضمون نویسی مقابلہ ان کے نقشِ قدم پر کی پروقار تقریبِ تقسیمِ انعامات اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف، جمہوریہ ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو، معزز مہمانانِ گرامی، علمائے کرام، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا انعقاد دفترِ مشاورت برائے مذہبی امور، سفارت خانہ جمہوریہ ترکیہ اور دیانت فانڈیشن پاکستان کے اشتراک سے کیا گیا۔ مقابلے کا مقصد نوجوان نسل میں عشقِ رسول ۖ، سیرتِ طیبہ ۖ کے مطالعے اور اسوہ حسنہ کی عملی پیروی کے شعور کو فروغ دینا تھا۔ منتظمین کے مطابق یہ مقابلہ پاکستان بھر کے سینکڑوں اسکولوں اور ہزاروں طلبہ تک پہنچا، جبکہ مجموعی طور پر 612 طلبہ نے اپنے مضامین جمع کروائے۔ کامیاب طلبہ میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ حضور نبی اکرم ۖ پوری انسانیت کے لیے کامل نمونہ ہیں اور آج دنیا کو درپیش اخلاقی بحرانوں، نفرتوں اور تعصبات کا حقیقی حل سیرتِ نبوی ۖ میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ مذہبی امور قرآن و سیرت کے فروغ، نوجوان نسل کی فکری و اخلاقی تربیت اور اسلامی اقدار کے احیا کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے، جن میں قومی سیرت النبی ۖ کانفرنس، مقابلہ مقالاتِ سیرت، نعتیہ و تحقیقی مقابلہ جات اور قومی و بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرت و حفظِ قرآن شامل ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ، تہذیب اور اخوت پر مبنی ہیں اور علمی و روحانی تعاون کا یہ سلسلہ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔
ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے اپنے خطاب میں دیانت فانڈیشن پاکستان کی تعلیمی، سماجی اور فلاحی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ فانڈیشن ملک بھر میں انسانی امداد، تعلیم، یتیم بچوں کی کفالت اور قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی مدد میں سرگرمِ عمل ہے۔ گزشتہ رمضان المبارک میں ہزاروں مستحق خاندانوں میں راشن پیکجز، عید تحائف اور اجتماعی افطار کا اہتمام کیا گیا، جبکہ عیدالاضحی 2025 کے موقع پر ملک بھر میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دیانت فانڈیشن پاکستان اعلی ثانوی تعلیم سے لے کر پی ایچ ڈی تک طلبہ کو وظائف فراہم کر رہی ہے، جبکہ بلوچستان اور دیگر علاقوں میں تعلیمی منصوبے، یتیم بچوں کی معاونت، اسلامی کتب کی اشاعت، مساجد کی تعمیر و تزئین اور قدرتی آفات کے دوران امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ بچوں کے لیے شائع ہونے والا اردو رسالہ نجیم بھی ہزاروں بچوں تک پہنچ رہا ہے۔ تقریب کے اختتام پر کامیاب طلبہ، ان کے والدین، اساتذہ اور منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ نوجوان نسل کو قرآن و سنت اور سیرتِ طیبہ ۖ کی روشنی سے منور کرنے کے لیے ایسے علمی و فکری پروگرام آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے۔
