اسلام آباد (سب نیوز)وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر گفتگو کی گئی، نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے جاری سفارتی کوششیں خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے امریکا کی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور پاکستان امریکا دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں میں سہولت کاری کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی کوششیں خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گی۔
اسحاق ڈار نے سنگاپور کے ذریعے پاکستانی اور ایرانی بحری کارکنوں کی وطن واپسی میں امریکی تعاون کو بھی سراہا اور اس سلسلے میں جاری معاونت پر امریکا کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
