Thursday, May 14, 2026
ہومبریکنگ نیوزاسحاق ڈار کی ناروے کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات، خطے میں امن و استحکام پر تبادلہ خیال

اسحاق ڈار کی ناروے کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات، خطے میں امن و استحکام پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ناروے کے نائب وزیر خارجہ سے اہم ملاقات ہوئی جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، امن و استحکام اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان نے خطے میں کشیدگی میں کمی اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کے مؤثر استعمال پر زور دیا۔ پاکستانی مؤقف میں اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ تمام تنازعات کا حل پرامن مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

ناروے کے نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے خطے میں امن کے لیے اس کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا، جن میں اقتصادی، تعلیمی اور سفارتی تعاون شامل ہے۔

ملاقات کے دوران ناروے کے نائب وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو آئندہ ماہ منعقد ہونے والے اوسلو فورم میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی، جو ناروے کے وزیر خارجہ کی جانب سے دی گئی ہے۔

اسحاق ڈار نے دعوت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اوسلو فورم میں شرکت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ فورم عالمی سطح پر مکالمے اور سفارتکاری کے فروغ کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے۔

دونوں فریقین نے مستقبل میں بھی قریبی رابطے میں رہنے اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔