اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کابینہ ممبران کو پاکستان کی جانب سے مشرق وسطی میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کیلئے سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بحران کے باوجود عوامی سہولت کے لئے صورتحال کو ہر ممکن بہتر انداز میں سنبھالنے پر اظہار اطمینان کیا ۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈا پر موجود مختلف شعبہ جاتی پالیسیز کی بھی منظوری دی گئی ،اجلاس میں ملکی سطح پر ویکسین کی تیاری کی پالیسی، ملک کی پہلی نیشنل ایگریکلچر بائیو ٹیکنالوجی پالیسی، نیشنل سیڈ پالیسی اور نیشنل سکلز ڈیویلپمنٹ پالیسی کی منظوری دی گئی، وفاقی کابینہ نے ملکی سطح پر ویکسین کی تیاری کی پالیسی کی منظوری دی گئی۔ اس تناظر میں ڈریپ کی زیر نگرانی قیمتوں کے تعین اور معیار کو یقینی بنانے کے لیئے خصوصی کمیٹی کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی،پالیسی کا مقصد ویکسین کی مد میں درآمدات پر انحصار کم کرنا، قیمتی زرمبادلہ کی بچت اور ملک کو ویکسین کی تیاری میں خود کفیل کرنا ہے ، کابینہ نے وفاقی نظامت تعلیم میں یومیہ اجرت پر خدمات سر انجام دینے والے گریڈ 1 تا 15 کے اساتذہ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں انکی اہلیت کے مطابق انکی خدمات بطور وزٹنگ فیکلٹی لیے جانے کی منظوری دی گئی ،وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نیشنل سکلز ڈیویلپمنٹ پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔ پالیسی کے تحت ملکی صنعت و تجارت کی ضرویات اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق افرادی قوت کی استعداد کار کو ہم آہنگ کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔
مزید براں بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لئے بین الاقوامی معیار کی تربیت اور سرٹیفیکیشن کے لئے خصوصی اقدامات بھی پالیسی کا حصہ ہیں۔ وفاق اور تمام صوبے اس تناظر میں باہمی تعاون سے کام کرینگے،نجی شعبہ بھی اس پالیسی پر عمل درآمد کا اہم حصہ ہوگا ،ملک کی پہلی نیشنل ایگریکلچر بائیو ٹیکنالوجی پالیسی کی بھی اجلاس میں منظوری دی گئی، اس پالیسی کا مقصد قومی غذائی تحفظ، زرعی پیداور میں خاطر خواہ اضافہ اور زرعی شعبہ میں تحقیق و ترقی اور موثر حکمت عملی کو یقینی بنانا ہے ،اجلاس میں نیشنل سیڈ پالیسی 2025کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ پالیسی کا مقصد غذائی تحفظ اور کسانوں کو بااختیار بنانا ہے،پالیسی کے تحت 15سے 20فی صد زرعی پیداوار میں اضافہ اور عالمی معیار کی سیڈ کمپنیز کے ساتھ شراکت داری کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ،علاوہ ازیں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نیپرا کی سالانہ رپورٹ 2025اور سٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ 2025 بھی پیش کی گئی ،اجلاس میں وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ عمران احمد شاہ کی والدہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس، ملکی سطح پر ویکسین کی تیاری کیلئے پالیسی کی منظوری سمیت متعدد اہم فیصلے
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
