راولپنڈی: (آئی پی ایس) اڈیالہ جیل میں بجلی کی بندش کے باعث تاحال ملزمان کو بذریعہ ویڈیو لنک عدالتوں میں پیش نہ کیا جا سکا۔
ملزمان کی عدم دستیابی کے باعث کیسز کی سماعت آگے نہ بڑھ سکی، عدالت میں آج ملزمان کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش کیا جانا تھا تاہم پولیس نفری کی دیگر جگہ ڈیوٹیوں کے باعث پیش نہ کیا جا سکا۔
دوسری جانب ریڈ زون کی بندش کے باعث اسلام آباد ہائیکورٹ آج 12 روز بعد کھل گئی، 16 اپریل کو آخری بار کیسز کی سماعت ہوئی تھی۔
کفایت شعاری مہم کے تحت جمعے کو جوڈیشل ورک نہیں ہوتا جبکہ 12 روز میں سیکڑوں کیسز التواء کا شکار ہوگئے۔
ریڈ زون کی مسلسل بندش کے باعث ہائیکورٹ میں گزشتہ ہفتے ایک بھی سماعت نہ ہو سکی، سیکڑوں کیسز التوا کا شکار ہونے سے کیسز کا پینڈنسی لوڈ مزید بڑھ گیا۔
گزشتہ ہفتے ریڈ زون کی بندش کے باعث ہائیکورٹ میں اہم کیسز کی سماعت نہ ہو سکی جس میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی درخواستیں شامل تھیں، 190 ملین پاؤنڈ کیس 22 اپریل سماعت کے لیے مقرر تھا تاہم کاز لسٹ منسوخ ہوگئی۔
گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں درختوں کی کٹائی روکنے سے متعلق کیس کی سماعت بھی نہ ہو سکی، ہائیکورٹ کی بندش اور جوڈیشل ورک نہ ہونے سے درختوں کی کٹائی روکنے کا کیس بھی نہ ہو سکا۔
