Saturday, April 25, 2026
ہومبریکنگ نیوزمشرقِ وسطی میں کشیدگی اور مہنگے پٹرول سے یورپی عوام کا رجحان الیکٹرک گاڑیوں کی طرف بڑھ گیا

مشرقِ وسطی میں کشیدگی اور مہنگے پٹرول سے یورپی عوام کا رجحان الیکٹرک گاڑیوں کی طرف بڑھ گیا

لندن (آئی پی ایس )مشرقِ وسطی میں جاری جنگ کے باعث پٹرول کی قیمتوں میں ہونے والے ہوش ربا اضافے نے یورپی صارفین کو الیکٹرک گاڑیوں کی طرف مائل کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ ماہ یورپی یونین میں نئی کاروں کی فروخت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

یورپی آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے سی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ رجسٹریشن ڈیٹا کے مطابق مارچ کے مہینے میں کاروں کی مجموعی فروخت گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 12.5 فیصد اضافے کے ساتھ 1.16 ملین گاڑیوں تک پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران مارکیٹ میں مجموعی طور پر 4 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جو جنوری اور فروری میں ہونے والی کمی کے بعد ایک بڑی بحالی ہے۔ اس اضافے میں سب سے اہم کردار مکمل طور پر الیکٹرک گاڑیوں کا رہا جن کی فروخت میں 49 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، پلگ ان ہائبرڈ گاڑیوں کی فروخت بھی 20 فیصد تک بڑھ گئی۔

پہلی سہ ماہی کے دوران یورپی صارفین کی پہلی پسند ہائبرڈ گاڑیاں رہیں جو مجموعی فروخت کا 37 فیصد تھیں، جبکہ مکمل الیکٹرک گاڑیوں کا مارکیٹ شیئر 19 فیصد سے زائد رہا۔ اس کے برعکس سادہ پٹرول انجن والی گاڑیوں کی مقبولیت میں کمی آئی اور ان کا مارکیٹ شیئر 28 فیصد سے کم ہو کر 23 فیصد رہ گیا۔

یورپ میں پٹرول کی قیمتوں میں یہ اضافہ 28 فروری کو ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملے کے بعد شروع ہوا، جس کے نتیجے میں خلیجی ممالک سے تیل کی برآمدات تقریبا رک گئیں اور خطے میں توانائی کی تنصیبات پر حملوں سے بحران مزید سنگین ہو گیا۔ اٹلی، فرانس اور جرمنی میں الیکٹرک گاڑیوں کی مانگ میں تیزی دیکھی گئی ہے، جبکہ بیلجیئم اور ہالینڈ میں فروخت میں کمی آئی۔ مارکیٹ میں کمپنیوں کی کارکردگی کے لحاظ سے ووکس ویگن گروپ 26.4 فیصد شیئر کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ اسٹیلانٹس گروپ کے برانڈز فی ایٹ، سٹرون اور اوپل کی فروخت میں بھی تیزی آئی۔ دوسری جانب ٹیسلا کی فروخت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 60 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ایلون مسک کی سیاسی وابستگیوں کی وجہ سے ہونے والی سابقہ کمی کے بعد ایک بڑی واپسی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔