Monday, May 18, 2026
ہومپاکستانپناہ گاہوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،اس کا تعلق اللہ اور اس کی مخلوق کی خدمت سے ہے،وزیراعظم

پناہ گاہوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،اس کا تعلق اللہ اور اس کی مخلوق کی خدمت سے ہے،وزیراعظم

اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جن پناہ گاہوں پر لوگوں کا رش ہے ان پر خصوصی توجہ دی جائے،پناہ گاہوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،اس کا تعلق اللہ اور اس کی مخلوق کی خدمت سے ہے،پناہ گاہوں کا مقصد معاشی طور پر غریب طبقے کے لوگوں کے وقار کو مجروح ہونے سے بچانا ہے،پناہ گاہوں سے پہلے غریب مزدور سڑکوں پر سونے پر مجبور تھے،منصوبے کے مطابق مثالی پناہ گاہوں کا قیام جلد عمل میں لایا جائے۔جمعرات کو وزیرِ اعظم عمران خان سے معاونِ خصوصی برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملاقات کی۔ملاقات میں ایم ڈی بیت المال، چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد اور متعلقہ افسران نے بھی شرکت۔ملاقات میں وزیرِ اعظم کو پناگاہوں کی صورتحال اور بہتری کیلئے بنائے گئے جامع منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے پر تین مرحلوں میں عملدرآمد کیا جائے گا،منصوبے کے مطابق موجودہ پناہ گاہوں میں سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جائے گی،نجی بین الاقوامی ہوٹل سے پناہ گاہوں کے عملے کو تربیت فراہم کی جائے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پالیسی پر عملدرامد کیلئے ایک مرکزی بورڈ اور انتظامی معاملات کو دیکھنے کیلئے ہر پناہ گاہ میں 4 رکنی بورڈ تشکیل دیا جائے گا،سہولیات کے حوالے سے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بنایا جائے گا جو نگرانی میں مدد کرے گا،ڈیش بورڈ کو موبائل کے ذریعے با آسانی چلایا جا سکے گا۔وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ پناہ گاہوں میں مسائل کی نشاندہی کرکے ان کو حل کیا جائے گا،پناہ گاہوں کو اس مقصد کیلئے تعمیر کی گئیں عمارتوں میں منتقل کرنا بھی منصوبے کا حصہ ہے،پناہ گاہوں کے ساتھ احساس ون ونڈو سینٹر بھی کھولے جائیں گے،ون ونڈو سینٹر کے ذریعے پناہ گاہوں میں مقیم اہل افراد کو احساس کے تحت دیگر دوسرے پروگرامز سے سہولیات لینے میں آسانی ہوگی۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ جن پناہ گاہوں پر لوگوں کا رش ہے ان پر خصوصی توجہ دی جائے،پناہ گاہوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،اس کا تعلق اللہ اور اس کی مخلوق کی خدمت سے ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پناہ گاہوں کا مقصد معاشی طور پر غریب طبقے کے لوگوں کے وقار کو مجروح ہونے سے بچانا ہے،پناہ گاہوں سے پہلے غریب مزدور سڑکوں پر سونے پر مجبور تھے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ منصوبے کے مطابق مثالی پناہ گاہوں کا قیام جلد عمل میں لایا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔