Wednesday, April 22, 2026
ہومبریکنگ نیوزپنجاب میں '' قتل، ڈکیتی، اغوا اور گمشدگی جیسے سنگین جرائم ناقابل قبول''وزیر اعلی بڑھتے ہوئے کرائم پر برہم ،افسران سے جواب طلب

پنجاب میں ” قتل، ڈکیتی، اغوا اور گمشدگی جیسے سنگین جرائم ناقابل قبول”وزیر اعلی بڑھتے ہوئے کرائم پر برہم ،افسران سے جواب طلب

لاہور (سب نیوز )وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صوبے میں جرائم کی شرح میں حالیہ اضافے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا اور پولیس حکام کو فوری اور مثر اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔مریم نواز نے صوبہ بھر میں جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے اعلی سطح کا اجلاس طلب کیا، جس میں انہوں نے جرائم کی ویڈیوز خود شرکا کو دکھائیں اور متعلقہ پولیس افسران سے باز پرس کی۔

وزیراعلی نے شیخوپورہ اور فیصل آباد میں جرائم پر قابو نہ پانے پر متعلقہ افسران کی سرزنش کرتے ہوئے واضح کیا کہ قتل، ڈکیتی، اغوا اور گمشدگی جیسے سنگین جرائم کا تسلسل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے سے چھوٹا جرم بھی جرم ہے اور اسے روکنا ہوگا۔ انہوں نے آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے جرائم کی روک تھام کے لیے پیشگی اقدامات پر کام کرنے کا ہدف مقرر کیا اور سی سی ڈی سے بھرپور تعاون کی ہدایت دی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اتنی محنت کے بعد پنجاب کو سیف سٹی بنایا، اب کسی قسم کی سستی کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے پاک کر دیا گیا ہے، اب کارکردگی دکھانا ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ پولیس افسران کے تقرر میں مکمل میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور وہ خود فائنل انٹرویوز کرتی ہیں، جبکہ پولیس کو ریکارڈ وسائل بھی فراہم کیے گئے ہیں، جن میں اسلحہ، آلات اور گاڑیاں شامل ہیں۔

وزیراعلی نے گلبرگ میں گاڑی کی بیٹری چوری، گجرات میں ڈکیتی اور دیگر واقعات کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے جرائم عوام میں خوف و ہراس پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے منشیات کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو تحفظ اور سکون کا احساس دینا ہماری ذمہ داری ہے، اور امن و امان کی بہتری کے لیے جو بھی اقدامات ضروری ہوئے، کیے جائیں گے، حتی کہ سختی بھی برتنا پڑی تو گریز نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ گزشتہ دو برسوں میں پولیس کو مجموعی طور پر 527 ارب روپے کا ریکارڈ بجٹ فراہم کیا گیا، جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔