اسلام آباد (آئی پی ایس )انٹرنیشنل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے جس میں کہا جارہا ہے کہ پاکستان نے سوڈان کو اسلحہ اور طیاروں کی فراہمی سے متعلق 1.5 ارب ڈالر مالیت کا معاہدہ سعودی عرب کے کہنے پر روک دیا ہے۔دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ برطانوی نیوز ایجنسی رائٹرز کی جانب سے دی گئی یہ خبر صحافت نہیں بلکہ رپورٹنگ کے نام پر قیاس آرائی ہے۔
پاکستان کی جانب سے اس دعوے کی کوئی سرکاری تصدیق موجود نہیں، نہ وزارت خارجہ اور نہ ہی آئی ایس پی آر نے اس کی تصدیق کی ہے۔رائٹرز ایک اہم جغرافیائی سیاسی دعوے کو نامعلوم ذرائع پر بنیاد بنا رہا ہے جن کی کوئی جوابدہی نہیں۔ یہ تصدیق نہیں بلکہ ایک بیانیہ تشکیل دینا ہے۔
ایک غیر مصدقہ معاہدے کی منسوخی کو حقیقت کے طور پر پیش کرنا محض اندازہ ہے۔ پاکستان کی خاموشی کو بطور ثبوت استعمال کرنا پیشہ ورانہ صحافتی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔بغیر کسی سرکاری تصدیق کے سعودی عرب کو اس دعوے میں شامل کرنا اس غیر ذمہ داری کو مزید بڑھا دیتا ہے۔ اگر یہی معیار ہو تو کسی بھی افواہ کو پالیسی کے طور پر شائع کیا جا سکتا ہے۔جب تک اس کی تصدیق سرکاری چینلز سے نہیں ہوتی، یہ ایک غیر مصدقہ دعوی ہی رہے گا۔
