Tuesday, April 21, 2026
ہومبریکنگ نیوزپاکستان کی سفارتکاری: ایران کا امریکا کے ساتھ مذاکرات میں شرکت کے لیے مثبت انداز میں غور

پاکستان کی سفارتکاری: ایران کا امریکا کے ساتھ مذاکرات میں شرکت کے لیے مثبت انداز میں غور

تہران (آئی پی ایس )ایک ایرانی اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ ممکنہ امن مذاکرات میں شرکت کے حوالے سے مثبت غور و فکر کر رہا ہے، تاہم اس بارے میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان نے ایران کی بندرگاہوں پر عائد امریکی ناکہ بندی ختم کرانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں، جسے ایران کی امن عمل میں واپسی کی راہ میں بڑی رکاوٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

رائٹرز سے گفتگو میں ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ تہران اس معاملے کو مثبت نظر سے دیکھ رہا ہے، لیکن فی الحال کسی حتمی فیصلے تک نہیں پہنچا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بطور ثالث امریکی ناکہ بندی کے خاتمے اور ایران کی ممکنہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔

ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اس وقت غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گئی جب امریکا نے ایک ایرانی کارگو جہاز کو اپنی تحویل میں لینے کا دعوی کیا، جس پر تہران نے ردعمل دینے کا عندیہ دیا ہے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا ہے کہ امریکی وفد نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں پاکستان روانہ ہو چکا ہے، اور آج ایران کے ساتھ مذاکرات میں معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔