Monday, May 18, 2026
ہوماسلام آبادامریکہ-ایران مذاکرات: وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی

امریکہ-ایران مذاکرات: وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی

اسلام آباد(سب نیوز) اسلام آباد میں متوقع امریکہ-ایران مذاکرات کے سلسلے میں غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، جس کے پیش نظر سکیورٹی اور انتظامی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کیا جائے گا اور صرف متعلقہ افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی، جبکہ وزارت داخلہ میں خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے تاکہ تمام امور کی مسلسل نگرانی کی جا سکے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ غیر ملکی مہمانوں کی مہمان نوازی اور سکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد اسلام آباد میں امریکہ-ایران مذاکرات کا انعقاد پاکستان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔
اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، کمشنر راولپنڈی، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی سی اسلام آباد، رینجرز، فیڈرل کانسٹیبلری اور وزارت خارجہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔