لاہور (آئی پی ایس )لاہوریوں کے ساتھ غیرملکی سفیر بھی بسنت کی خوشیاں منا رہے ہیں جب کہ پاکستان میں امریکی سفارتخانے کی ڈپٹی چیف آف مشن نیٹلی بیکر اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی پتنگ اڑائی اور بسنت کی خوشیوں میں شریک ہوئیں۔لاہور میں بسنت کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔
پاکستانیوں کے ساتھ پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی پتنگ اڑائی اور بسنت کی خوشیوں میں شریک ہوئیں۔لاہور میں بہترین انتظامات کے باعث بسنت کا مزہ دوبالا ہو گیا۔شہریوں نے بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کرکے ذمہ دار پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا ۔غیر ملکی شہری بھی پتنگ بازی کے جوش میں شامل رہے ۔لاہور میں بسنت کے دوسرے روز پاکستانی شہریوں کے ساتھ غیر ملکی شہری بھی پتنگ بازی کے جوش میں شامل ہوئے اور شہر کے مختلف حصوں میں گڈی اڑاتے نظر آئے۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے غیر ملکی مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی بھی گڈی اڑانے کے شوقین بنے۔
بسنت میں شریک غیر ملکی مہمانوں نے کہا کہ لاہور زندہ دلوں کا شہر ہے اور آج ہم نے اس کا خوبصورت کلچر اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ انہوں نے لاہور میں بسنت منانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا اور بتایا کہ یہ ایک یادگار تجربہ رہا۔بسنت فیسٹیول کی کوریج کے لیے ملک کے ساتھ ساتھ 20 مختلف انٹرنیشنل میڈیا ہاوسز کے نمائندے بھی لاہور پہنچے ہیں۔
