اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستانیوں کے لئے اچھی خبر،میر گروپ کیفلیگ شپ قومی منصوبے”ویژن پاکستان2030”کے تحت کروڑ وں نوجوانوں کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے باروزگار بنانے سیاحت کے فروغ،معیشت کی بحالی اور ضلعی سطح پر مائیکرو معیشتوں کے فروغ کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اقدامات شروع کر دئیے ہیں ،دنیائے کرکٹ کے معروف کھلاڑی و پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے میر گروپ کے وطن عزیز کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل قومی منصوبے ”ویژن پاکستان” کا برانڈ ایمبیسڈر بن کے ایک نئے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔
میر گروپ کے چئیرمین شکیل احمد میر نے ویژن پاکستان منصوبے کو قوم کے لئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے کے تحت نوجوانوں کو با اختیار بنا کر انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنائیں گے جبکہ سیاحت کو فروغ دیکر وطن عزیز کا مثبت تشخص اقوام عالم کے سامنے پیش کریں گے۔تفصیلات کے مطابق دنیا میں منفرد مقام رکھنے والے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی شاہد آفریدی ،میر گروپ کے قومی منصوبے ”ویژن پاکستان” کے برانڈ ایمبیڈر بنے ہیں اور میر گروپ کے چئیرمین شکیل احمد میر کے ساتھ ملکر نوجوانوں کو بااختیار بنانے، سیاحت اور معیشت کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے ویژن پاکستان منصوبے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی کامیابی سے ہمارے نوجوان با اختیار بن سکیں گے اور سیاحت کو فروغ مل پائیگا ہم ملک کامستقبل سنوارنے اور قوم کے لئے خدمت کے لئے تیار ہیں ۔
میر گروپ کے چئیرمین شکیل احمد میر کا کہنا ہے کہ منصوبے کی کامیابی کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ یہ شراکت داری صرف ایک مشہور شخصیت کی حمایت نہیں بلکہ ایک قومی تحریک کی شروعات ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو با اختیار بنانا، مقامی کاروبار کو فروغ دینا اور پاکستان کی عالمی پہچان کو ازسر نو متعین کرنا ہے۔”ویژن پاکستان” ایک منصوبہ نہیں، قومی بیداری کی تحریک ہے یہ، میر گروپ کا ایک انقلابی اور کثیر الجہتی منصوبہ ہے جو ملک کے پوشیدہ امکانات کو اجاگر کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی، جدت اور سماجی ترقی کو یکجا کر کے ایک جامع، پائیدار اور شمولیتی ترقی کی بنیاد رکھتا ہے۔ شاہد آفریدی جیسے متحرک اور اثر انگیز چہرے کی قیادت میں، یہ تحریک ہر عمر اور طبقے کے افراد کو متاثر کرنے اور متحرک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
