Wednesday, June 3, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانبڑھتی آبادی اور مسائل سے نمٹنے کیلئے موثر حکمت عملی تشکیل دی جائے، وزیراعظم

بڑھتی آبادی اور مسائل سے نمٹنے کیلئے موثر حکمت عملی تشکیل دی جائے، وزیراعظم

اسلام آباد(سب نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بڑھتی آبادی اور مسائل سے نمٹنے کیلئے صوبوں کے تعاون سے موثر حکمت عملی تشکیل دی جائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کے زیر صدارت ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی اور اس کے حوالے سے مسائل کے حل کے لئے اقدامات بارے اجلاس ہوا، جس میں شہباز شریف کوبریفنگ دی گئی کہ پاکستان میں آبادی کے بڑھنے کی سالانہ شرح 2.55 فیصد ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی ترقی اور ان کو اپنی معیشت کا فعال حصہ بنانے کے لئے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، ملکی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان ہمارے ملک کا انتہائی اہم اور قیمتی اثاثہ ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ملکی معیشت کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے متعدد اقدامات لیے جا رہے ہیں، خواتین ہماری افرادی قوت کا بہت بڑا حصہ ہیں، خواتین کو ملازمت کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات لیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور ان کے مسائل سے نمٹنے کے لیے صوبوں کے تعاون سے موثر حکمت عملی تشکیل دی جائے، اس حوالے سے قومی سطح کی پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے موثر پالیسی اور حکمت عملی بنانے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، اجلاس میں وزیراعظم کو اس حوالے مختلف گزارشات پیش کی گئیں۔وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ صوبوں کے تعاون سے بڑھتی ہوئی آبادی اور اس کے مسائل پر قابو پانے کے لیے ایک قومی سطح کی پالیسی کی ضرورت ہے، معاشی ترقی کے تناظر میں بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے عوام میں قومی سطح پر آگاہی مہم چلانا ناگزیر ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر احسن اقبال، وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلی حکام شریک تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔