اسلام آباد(آئی پی ایس) دنیا بھر میں کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منارہے ہیں، 19 جولائی 1947 کو کشمیریوں نے پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا تھا، بھارتی ظلم و جبر کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے کشمیری آج بھی پاکستان کے ساتھ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سردار محمد ابراہیم خان کی رہائشگاہ پر 19 جولائی 1947 کو ہونے والے اجلاس میں کشمیر کے حقیقی نمائندوں نے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منطور کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا تھا۔
یہ فیصلہ جموں و کشمیر کے لاکھوں کشمیری مسلمانوں کی امنگوں کے پیش نظرکیا گیا تھا۔
یوم الحاق فطری رشتے کی علامت ہے، صدر، وزیراعظم
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر سیاسی شخصیات نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ الحاق کشمیریوں کی پاکستان سے فطری رشتے کی علامت ہے، کشمیری عوام کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھی جائے گی، کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی داستان آج بھی جاری ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ کشمیریوں کے جذبہ آزادی میں اضافہ ہوا ہے، 10 لاکھ بھارتی فوج کی درندگی اور سفاکیت کشمیریوں کے عزم کو توڑنے میں ناکام ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہاکہ یوم الحاق کشمیرآل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے سری نگراجلاس کی یاد میں منایا جاتا ہے، اس دن کشمیر کے غیور عوام نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی 1947ء میں شروع ہونے والی قربانیوں کی داستان آج بھی جاری ہے، کشمیریوں کی تیسری نسل حق خوداردیت کے لیے اپنے آباؤ اجداد کی طرح پر عزم ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یوم الحاق کشمیر پر شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان سے نظریاتی نسبت کو زندگی سے عزیز تر جانا۔
انہوں نے کہا کہ یوم الحاق کشمیر تاریخ کی روشن صبح ہے، کشمیریوں نے ایسا فیصلہ کیا جو وقت کی گرد، ظلم کی دھند اور بندوقوں کی گونج میں بھی نہ مٹ سکا، پاکستان اپنے بھائیوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سے محبت کشمیریوں کے جسموں میں خون بن کر دوڑتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
نائب صدر پیپلزپارٹی سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ پاکستان عالمی فورمز پر کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔
وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئرامیرمقام نے کشمیریوں کے جذبے کوسلام پیش کیا۔
حریت رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہاکہ آج کا دن کشمیری قوم کی طرف پاکستان کیساتھ وابستگی، امیدوں، اعتبار اور محبت کا دن ہے۔
