فتح جنگ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا کی ہدایت پر اراضی ریکارڈ سینٹر کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد میونسپل کمیٹی ہال فتح جنگ میں کیا گیا۔ اس موقع پر تحصیلدار چوہدری شفقت محمود کی زیر نگرانی، اراضی سینٹر کے انچارج عادل قریشی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ (ADLR) منور حسین بھی موجود تھے۔
کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے قانونی امور سے متعلق درخواستیں پیش کیں۔ تحصیلدار چوہدری شفقت محمود نے تمام درخواستوں پر فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ قابل ذکر امر یہ رہا کہ کسی بھی شہری نے محکمہ مال کے خلاف کوئی شکایت پیش نہیں کی۔
چوہدری شفقت محمود نے بارہا حاضرین سے استفسار کیا کہ اگر کسی کو محکمہ مال سے متعلق کوئی شکایت یا مسئلہ درپیش ہو تو وہ بلا جھجک بیان کرے، تاہم کسی بھی شہری نے کسی شکایت کا اظہار نہیں کیا۔
عوام کی جانب سے محکمہ مال کی خدمات اور کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہا گیا۔ شہریوں نے ان اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر فوری اور سستا انصاف میسر آ سکے۔