اسلام آباد(آئی پی ایس)اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے برخاست کیے گئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء القیوم کی عہدے پر بحالی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے ایچ ای سی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے حکم امتناعی کی فوری استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ “پہلے فریقین کے کمنٹس آ جانے دیں، پھر دیکھیں گے۔ ہم ایسا حکم امتناع جاری نہیں کر سکتے، سپریم کورٹ کی واضح ہدایات ہیں کہ اداروں اور ایچ ای سی کے کام میں مداخلت نہ کی جائے۔”
عدالت نے مزید کہا کہ فی الحال نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیا جا رہا ہے، جواب آنے کے بعد کیس کا جائزہ لیا جائے گا۔ سماعت ملتوی کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ کیس کی آئندہ تاریخ تحریری حکمنامے میں جاری کی جائے گی۔