اسلام آباد(آئی پی ایس ) وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پیر کو وزیر اعظم عمران خان یکساں تعلیمی نصاب کی باقاعدہ لانچنگ کریں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ پہلی دفعہ یکساں نظام تعلیم کا نفاذ ہورہا ہے، وزیر اعظم یکساں تعلیمی نصاب کی باقاعدہ لانچنگ کریں گے، یکساں تعلیمی نصاب پرائیویٹ اسکولوں میں بھی نافذہوگا، پنجاب، خیبر پختونخواہ، گلگت، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں اس کا نفاذ ہوچکا ہے، سندھ میں ابھی تک اس نصاب کا نفاذ نہیں ہوا، سندھ حکومت سے استدعا ہے کہ وہ بھی قومی نصاب کے نفاذ پرعمل کرے۔وزیرتعلیم نے بتایا کہ یہ ایسا نصاب ہوگا جو تمام اسکولز اور مدارس میں یکساں طور پر نافذ ہوگا، یکساں تعلیمی نظام کے مقاصد محدود نہیں، یکساں تعلیمی نظام میں قرآن پاک کی ناظرہ تعلیم اور سیرت النبی کی بھی تعلیم دی جائیگی، دیگر مذاہب کے مطابق نصاب تیار کیا گیا ہے۔شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹیکسٹ بک پہلی سے 5 ویں تک ہوگی جو اس کا نفاذ کرنا چاہتا ہے وہ کرسکے گا، نصاب کے مطابق کتب کی پرائیویٹ پبلشنگ کی اجازت ہوگی، نصاب صرف سرکاری اسکولز میں نہیں تمام اسکولز میں نافذ ہوگا، کل سے پہلی سے پانچویں کلاس تک یکساں نصاب کا نفاذ ہوگا، آئندہ سال سے چھٹی سے آٹھویں اور اس سے اگلے سال نویں سے بارویں تک یکساں نصاب ہوگا، پانچویں اور آٹھویں جماعت کے لیے ٹیسٹ کا نظام لا رہے ہیں تاکہ پتہ چل سکے کون نصاب پرعمل کر رہا ہے، اگر کوئی سکول اضافی مضمون پڑھانا چاہتا ہے تواعتراض نہیں، لیکن اگر کسی اسکول میں قومی نصاب نہیں پڑھایاجائیگا تو اس کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ موجودہ تعلیمی نظام ایک ناانصافی پر مبنی ہے، مدارس اور سرکاری اسکولز میں پڑھنے والے 75 فیصد بچوں کو آگے بڑھنے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے، تعلیمی نظام نے معاشرے کو بھی تقسیم کر دیا ہے، ترقی یافتہ ممالک میں قومی نصاب ہے ، لیکن افسوس ہے کہ ہم 72 سال میں قومی نصاب نہیں بنا سکے، ناانصافی اور تقسیم صرف نصاب سے ختم نہیں ہوگی لیکن یہ ایک قدم ہے۔
پہلی سے پانچویں تک یکساں نصاب کا نفاذ کل،وزیراعظم افتتاح کرینگے
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
