ہومپاکستانپاکستان نے بھارت کا داسو دہشت گرد حملے میں ملوث نہ ہونے کا بیان مسترد کر دیا

پاکستان نے بھارت کا داسو دہشت گرد حملے میں ملوث نہ ہونے کا بیان مسترد کر دیا

اسلام آباد،پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کا داسو دہشت گرد حملے میں ملوث نہ ہونے کا مضحکہ خیز بیان مسترد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی وزات امور خارجہ کے داسو دہشت گرد حملے میں ملوث ہونے سے انکار کی ناقابل دفاع تردید کے بارے میں جاری کردہ بیان میں کہا کہ ہم دوٹوک طور پر بھارتی وزارت خارجہ کا داسو دہشت گرد حملے میں ملوث نہ ہونے کا مضحکہ خیز بیان مسترد کرتے ہیں،پاکستان متعدد مرتبہ یہ ناقابل تردید شواہد سامنے لاچکا ہے کہ بھارت پاکستان میں نہ صرف دہشت گردی کرانے بلکہ اس کی منصوبہ بندی،معاونت ومدد، سرپرستی اور سرمایہ کی فراہمی میں بھی ملوث ہے، ہم گزشتہ برس عالمی برادری کو اس ضمن میں ٹھوس شواہد پر مبنی دستاویزات(ڈوزئیر)فراہم کرچکے ہیں، حال ہی میں لاہور حملے میں بھارت کے ملوث ہونے سے متعلق ثبوت بھی ہم نے پیش کئے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کا ناقابل تردید اور معلوم چہرہ کمانڈر کلبھوشن یادیو ہے جو مارچ 2016میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا،پوری طرح بے نقاب بھارت کا وطیرہ ہے کہ وہ ہمیشہ لفاظی، ابہام اور ایک نئے جھوٹ کے پیچھے چھپنے کی کوشش کرتا ہے لیکن بھارتی تردید اور جھوٹے بیانیوں کا واویلا کرنے سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ ہم ایک بار پھر بھارت پر زور دیتے ہیں کہ ریاستی دہشت گردی کو پالیسی ہتھیار کے طورپر استعمال کرنا بند کرے، انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے امن وسلامتی کو خطرے سے دوچار کرنے والی بھارتی فتنہ انگیزیوں کو بے نقاب اور ان کی مخالفت کرتا رہے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔