اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبد اللہ کی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات ،ملاقات میں ایتھوپیا پاکستان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایتھوپیا کے سفیر نے وزیر داخلہ کو ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ،جمال بکر عبداللہ نے وفاقی وزیر محسن نقوی کو پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر سفیر جمال بکر عبداللہ نے امن اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے دوطرفہ تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
ایتھوپین سفیر نے کہا کہ ایتھوپیا اور پاکستان بین الاقوامی امن اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کثیرالجہتی فورمز پر مل کر کام کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے دونوں ممالک کے باہمی مفادات کے فروغ کے لئے دوطرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
