اسلام آباد،سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈارنے وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی سے ملاقات کی جس میں نو منتخب رکن قانون ساز اسمبلی حافظ حامد رضا شریک تھے ،عثمان ڈار نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اورآزاد کشمیر کے نوجوانوں کیلئے روزگار اور وسائل کی فراہمی پر تبادلہ خیال ہوا۔عثمان ڈار نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو ملک بھر کی طرح وفاقی حکومت کی بھرپور معاونت فراہم کی جارہی ہے، کشمیر میں کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے رقم کی تقسیم کا عمل تیز کیا گیا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے کشمیری نوجوانوں کو روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے کی درخواست کی۔وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، وفاقی حکومت سرپرستی کرے۔سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے کہا کہ وفاقی حکومت مکمل مدد اور تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے، کامیاب جوان اور کامیاب پاکستان پروگرام کے ذریعے آزاد کشمیر کی محرومیاں دور کریں گے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے تعاون کی یقین دہانی پر سربراہ کامیاب جوان عثمان ڈار سے اظہار تشکر کیا اورحکومت آزاد کشمیر کی جانب سے بھی مکمل تعاون اور حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔

