اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے اینٹی کرپشن ہاٹ لائن سے متعلق وضاحتی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ ہاٹ لائن صرف سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار میں آنے والے معاملات کے لیے مخصوص ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن ہاٹ لائن سپریم کورٹ کے اندرونی معاملات، بالخصوص مقدمات کی فکسنگ اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے شکایات درج کرنے کے لیے قائم کی گئی ہے۔ ہاٹ لائن پر صرف سپریم کورٹ کے افسران اور عملے کے خلاف شکایات سنی جائیں گی۔
مزید وضاحت کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ سے باہر کے اداروں یا افراد سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایات اس ہاٹ لائن پر وصول نہیں کی جائیں گی اور نہ ہی ان شکایات پر کوئی ردعمل دیا جائے گا۔
اعلامیہ میں عوام الناس کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ صرف متعلقہ نوعیت کی شکایات ہی ہاٹ لائن پر درج کروائیں تاکہ ہاٹ لائن کا مؤثر استعمال ممکن بنایا جا سکے۔