تہران،چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ ایران کے نو منتخب صدر سید ابراہیم ریئسی سے تہران میں ملاقات کی جس دوران دونوں رہنماوں کے مابین پاکستان ایران تعلقات علاقائی ترقی، اقتصادی تعاون اور پارلیمانی روابط کو مربوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔چیئرمین سینیٹ کو وزیراعظم پاکستان عمران خان نے حلف برداری کی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے نامزد کیا تھا۔ نومنتخب صدر سے ملاقات کے دوران پاکستان اور ایران کے مابین پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے اور اقتصاد ی تعلقات کے استحکام پر اتفاق کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر ایران کے نو منتخب صدر کیلئے پاکستانی قوم،پارلیمان، صدر اور وزیراعظم کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان اور ایران کے مابین دیرینہ، مذہبی، ثقافتی اور تجارتی تعلقات مزید مربوط ہوں گے ۔ دونوں رہنماں کے مابین اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات کا مقابلہ کرنے کیلئے مشترکہ کاوشیں کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں اضافے کی ضرورت ہے ۔ دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی روابط اور تجارت کے فروغ کیلئے مزید اقدامات اٹھانے کی بھی ضرورت ہے۔ بلوچستان سے منسلک ایران کے سرحدی علاقوں میں مزید ترقی سے دونوں ملکوں کے مابین عوامی رابطوں اور تجارتی تعاون میں مزید تیزی آئے گی۔دونوں رہنماوں کے مابین مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کشمیر یوں کی حق خود ارادیت کی حمایت اور کشمیروں پر بھارتی مظالم کی روک تھام کیلئے عالمی برادری کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہو گا۔کشمیروں کی حق خود ارادیت کی مسلسل حمایت پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں ملکوں کے مابین تجارت کے فروغ کیلئے بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں مزید تجارتی راستے کھولنے اور سرحدی منڈیاں قائم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران سے بلوچستان کے سرحدی علاقوں تربت، پنجگور اور مکران ڈویژ ن کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی بھی درخواست ہے۔ اس موقع پر ایرانی صدر نے کہا کہ علاقائی تجارت کے فروغ کیلئے درپیش حائل ر کاوٹوں کو دور کرنے اور بلوچستان کے علاقوں کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے درپیش مسائل کو فوری حل کیا جائے گا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی نو منتخب ایرانی صدر سید ابراہیم ریئسی سے ملاقات
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
